ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل : مذہبی مقامات کے تحفظ کو لے کر مختلف مذاہب کے ذمہ داران کے ساتھ پولس افسران کی میٹنگ

بھٹکل : مذہبی مقامات کے تحفظ کو لے کر مختلف مذاہب کے ذمہ داران کے ساتھ پولس افسران کی میٹنگ

Mon, 18 Jul 2016 21:29:16    S.O. News Service

بھٹکل:18/ جولائی(ایس او نیوز) بھٹکل میں ہندو، مسلم ، عیسائی سمیت مختلف مذہبی مقامات کے تحفظ کو لے کر بھٹکل شہری پولس تھانہ ایس آئی ریوتی کی زیر نگرانی ہر ایک مذہبی ذمہ داران و لیڈران کے ساتھ پیر کوشہری پولس تھانے میں الگ الگ نشستوں کا انعقاد ہوا۔

مندروں کی مورتیوں پر اگر زیورات ہیں تو وہاں تحفظاتی کمرہ کا انتظام کرنے ، مذہبی مقامات کے اطراف رات کے اوقات میں بھرپور روشنی کے لئےمتعینہ مقامات پر لائٹس کا انتظام، سی سی ٹی وی کیمروں کی نصب کاری ، قید کی گئیں تصویروں کو نیٹ پر اپ لوڈ کرنے ، مذہبی مقامات پر گیٹ کا انتظام اور مندروں کے سامنے سے گزرنے والی سڑک پر جو چہل پہل اور آمد ورفت ہوتی ہے اس کی تصویروں کو قید کئے جانے والا ایک خصوصی کیمرے کی نصب کاری ، مذہبی مقامات پر سکیورٹی گارڈ کا تقرر، مذہبی مقامات پر آنے جانے والے افراد پر اگرکوئی شبہ ہوتاہے تو ان سے پوچھ تاچھ، ان کا نام اور پتے کی تصدیق کرالینا، ضرورت پڑنے پر پولس تھانہ کو اطلاع دیناجیسے اہم معاملات پر سوچ بچارکیا گیا ۔ بھٹکل میں تھوڑی تھوڑی مدت کے بعد مذہبی مقامات کو ناپاک کئے جانے کے متعلق درج ہونے والی شکایات کو دیکھتے ہوئے  پولس افسران نے مندر انتظامیہ ممبران سے کہاکہ وہ حفظاتی انتظامات کو لے کر سنجیدگی کا مظاہرہ کریں، اور ناگہانی واقعات سے حالات کو بچانے کی فکرکریں۔ متعلقہ میٹنگ میں ایس آئی کوڈ گونٹی بھی موجود تھے۔

صبح کو مندر انتظامیہ کے ساتھ پولس اہلکاروں کی میٹنگ منعقد ہوئی، دوپہر کو چرچ کے ذمہ داران کے ساتھ نشست منعقد ہوئی، جبکہ دوپہر قریب 3:30 بجے بھٹکل کے مسجدوں کے صدر اور سکریٹریز کو پولس تھانہ مدعو کرکے اُن کے ساتھ گفت و تشنید کی گئی۔ مسجد کے ذمہ داروں کو پی ایس ائی ریوتی نے بتایا کہ وہ اپنی اپنی مسجدوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی کوشش کریں، اپنے اپنے علاقوں میں دس بیس نوجوانوں کی ایک ٹیم تشکیل دے کر اُنہیں بالخصوص رات کے اوقات میں پہرہ دینے کی ذمہ داری سونپیں۔ کم ازکم دو نوجوان بھی ہر محلہ میں رات بھراپنے علاقہ کا خیال رکھیں تو کرائم کنٹرول ہونے کے ساتھ ساتھ گھروں اور مسجدوں کی بھی حفاظت ہوگی۔ پی ایس آئی نے بتایا کہ ہر علاقہ کےلئے پولس بیٹ کا نظم کیا گیا ہے اورفی علاقہ پولس اہلکاروں کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقہ کے لوگوں کے ساتھ ربط رکھتے ہوئے ذمہ داری سنبھالیں۔ انہوں نے مسجدوں کے صدر و سکریٹریس سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقہ کے لئے متعیین پولس اہلکار کے ساتھ تعائون کریں اور کسی بھی مدد کی ضرورت ہوتو اپنے علاقہ کے اہلکار کو خبر کریں۔ انہوں نے عوام کو پولس کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم رکھنے پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ اگرپولس کو عوام کا تعائون حاصل رہا تو شہر کے سکون کو خراب کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوسکتی۔ اس موقع پر مسجدوں کے چند ذمہ داران نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ اتنی اہم میٹنگ میں قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے ذمہ داروں کو کیوں مدعو نہیں کیا گیا۔ چند ایک نے بتایا کہ تنظیم کے ذمہ داروں کو اگر خبر دی جاتی تو تنظیم کے ذریعے یہی کام مزید بہتر اور اچھے پیمانے پر ہوسکتا ہے اور تنظیم اگرمسجدوں کے ذمہ داروں کو کچھ ہدایات جاری کرتی ہیں توہرکوئی اُس پر عمل کرتا ہے۔ مسجدوں کے چند ذمہ داران نے اس بات پر سخت تعجب کا اظہار کیا کہ بار بار مندروں میں گوشت اور ہڈیاں وغیرہ پھینک کر کچھ شرپسندعناصر بھٹکل کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں، مگر پولس ابھی تک کسی بھی شرپسند کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔ چند ایک نےبتایا کہ پولس خوب اچھی طرح اس بات سے واقف ہے کہ کون لوگ اس طرح کی حرکتیں کررہے ہیں، مگر جانتے بوجھتے ہوئے پولس اُن لوگوں کو گرفتار کرنے سے کترارہی ہے۔

مندروں ،گرجاگھروں اورمسجدوں کے ذمہ داران نے اس موقع پر اپنی جانب سے ہرممکن تعائون دیئے جانے کا یقین دلایا۔ اور بھٹکل میں حالات کو پرامن رکھنے میں اپنی طرف سے ہرممکن کوشش کرنے کا تیقن دیا۔


Share: